26 فروری 2015 - 12:14
دہشت گردی سے مقابلہ، مشترکہ فورس بنائی جائے

عراق کی مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ سید عمار الحکیم نے دہشت گردی سے مقابلے کے لئے علاقے کے ملکوں کی مشترکہ فورس کی تشکیل پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سید عمار حکیم نے کہا ہے کہ دہشت گردی تمام ملکوں کے لئے مشترکہ خطرہ شمار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی سے مقابلے کے طریقۂ کار کا جائزہ لینے اور علاقائی ملکوں کے درمیان اعتماد کی بحالی کےلئے، ایک علاقائی اسلامی کانفرنس بلانی چاہئے۔ عمارالحکیم نے کہا کہ جس دہشت گردی کا آج ہمیں سامنا ہے وہ سیاسی، مذہبی اور فرقہ وارانہ نہیں ہے بلکہ اسلام کا چہرہ مسخ کرکے پیش کرنے کا ایک گھناؤنا منصوبہ ہے۔ مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ عمار حکیم نے زور دے کر کہا کہ جو یہ سمجھتے ہیں کہ دہشت گردی ایک فرقہ وارانہ لڑائی ہے تو انکو بھی ان ظالمانہ اقدامات اور منصوبوں میں شریک سمجھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام دہشت گرد گروہ ایک نام کے تحت اور بڑی طاقتوں کی سرپرستی میں متحد ہوگئے ہيں۔ عمار حکیم نے کہا کہ عراقی قوم کو ایک ہمہ گیر قومی آشتی کی ضرورت ہے اور تجربے نے ثابت کر دکھایا ہے کہ اگرچہ عراقی عوام الگ الگ مذہب اور قبائل سے تعلق رکھتے ہیں لیکن اس کے باوجود دہشت گردی اور تکفیریت کے مقابلے میں ان کے درمیان اتحاد پایا جاتا ہے۔ عمار حکیم نے کہا کہ عراقی عوام کو چاہئےکہ اپنے ملک کی ارضی سالمیت کے دفاع کے لئے کمر ہمت باندھ لیں۔

.......

/169